بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ، زپ لائن کیلئے ورکنگ، &#
12-3-2025
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے نے بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ، زپ لائن کیلئے ورکنگ، شہر میں کیبل کار کیلئے فیزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ محمد علی رندھاوا نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا اسلام آباد کی خوبصورتی اور عوام کیلئے جدید سفری سہولیات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بلیو ایریا میں جدید خطوط پر فوڈ سٹریٹ کے قیام کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ میں بہترین ڈیزائن کے پاتھ ویز قائم، بزرگوں اور بچوں کیلئے الیکٹرک کارٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ فوڈ سٹریٹ کم سے کم مدت میں تیار کرکے آپریشنل کی جائے اور دنیا کے جدید اور پرکشش ڈیزائنز کو مدنظر رکھا جائے۔ فوڈ سٹریٹ میں تمام وصولیاں کیش لیس کی جائیں گی، کامن سٹنگ ایریاز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے انجینئرنگ ونگ کو فوڈ سٹریٹ اور پیڈسٹرین ٹریکس کیلئے تخمینہ اور ٹائم لائنز کے مطابق جلد از جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ شہر میں کیبل کار کے منصوبے کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے فیزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کرنے سمیت ایف نائن پارک میں زپ لائن متعارف کرانے کیلئے بھی ورکنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آرٹ اینڈ کرافٹ ویلیج آپریشنل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا سفاری پارک سمیت کلچرل سنٹر کے منصوبے پر بھی کام کیا جائے۔ انہوں نے تمام منصوبوں کی فیزیبلٹی رپورٹس تیار کرکے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔