لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پنجاب حکومت نے شہر کے سات زونز میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے فیز ون میں 73 ارب روپے کا بجٹ رکھا، حکومت نے فنڈز کے بروقت استعمال کے لئے ڈیڈ لائن دے دی۔
اگر فنڈز مکمل استعمال نہ ہوئے تو متعلقہ اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے واسا اور متعلقہ اداروں کو لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت شہر کے سات زونز میں 73 ارب روپے خرچ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ مالی سال 2024-25 میں فنڈز کے مکمل استعمال کو یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو سخت ڈیڈ لائنز دیدی گئی ہیں۔گلبرگ زون کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1200 ملین روپے مختص کئے گئے ، جن میں 31مارچ تک 300 ملین، 30 اپریل تک 218 ملین اور 31مئی تک 213.203ملین روپے خرچ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔راوی زون ون کیلئے 7800 ملین روپے جبکہ راوی زون ٹو کے لئے 7000 ملین روپے منظور کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 31 مارچ تک مزید 1537 ملین اور 973 ملین روپے کے اخراجات کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔داتا گنج بخش زون میں 4700 ملین روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ 2900 ملین روپے ریلیز ہو چکے ہیں۔ سمن آباد زون کے لئے 3050 ملین روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ، جنہیں مکمل طور پر ریلیز کر دیا گیا ہے ۔نشتر زون ون کے لئے 8000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، جبکہ 5350 ملین روپے ریلیز ہو چکے ہیں۔ حکومتی احکامات کے مطابق لاہور کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز 30 جون تک مکمل خرچ کئے جائیں گے ۔پنجاب حکومت نے واسا اور دیگر اداروں کو فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے پر کارروائی کی تنبیہ بھی کر دی۔ |
|