لاہور (سٹاف رپورٹر سے) شہر لاہور میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے نئی سڑکوں کی تعمیر نہ ہونے سے ٹریفک دباؤمزید بڑھ گیا،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
فیروز پور روڈ سے رائیونڈ روڈ تک کی آبادیوں کے لئے نئی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ بند ہوگیا۔ پنجاب حکومت کے احکامات پر ایل ڈی اے نے سٹرکچر پلان روڈ کی فائل بند کر دی۔ پنجاب حکومت نے ایل ڈی اے کو مذکورہ نئی سڑکیں بنانے کے منصوبے پر کام کرنے سے روک دیا۔ لنک کنکشن فیروز پور روڈ سے پائن ایونیو منصوبے کو بھی شروع کرنے کی اجازت نہ مل سکی۔سٹرکچر پلان روڈ فیروز پور روڈ سے پائن ایونیو کی عوامی شنوائی بھی 15 جولائی 2024 کو ہوچکی ہے ۔ ماحولیات سے این او سی کے حصول کے بعد مزید کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔ ارفع ٹاور فیروز پور روڈ سے پائن ایونیو رائیونڈ روڈ پر سٹرکچر پلان روڈ تعمیر کی جاناتھی۔سٹرکچر پلان روڈ ارفع ٹاور فیروز پور روڈ سے شروع ہوکر ماڈل کالونی سے مولانا شوکت علی روڈ پہنچے کا پلان ہے ۔ مولانا شوکت علی روڈ سے براستہ ٹاؤن شپ نظریہ پاکستان روڈ کو منسلک کرنا تھا۔ نظریہ پاکستان روڈ سے براستہ واپڈا ٹاؤن پائن ایونیو سے ہوتے ہوئے رائیونڈ روڈ کو منسلک کرنا تھا۔رائیونڈ روڈ اڈاپلاٹ سے فیروز پور روڈ تک سگنل فری کوریڈور تعمیر ہونا تھا۔پی سی ون کے مطابق سڑکوں کی تعمیر کے لئے 2ارب 80 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ اب منصوبے بروقت شروع نہ ہونے سے لاگت میں اضافہ ہوگا۔ پلان کے تحت ستوکتلہ ڈرین کے دونوں اطراف سڑکیں تعمیر کی جانی ہیں،پی سی ون کے مطابق ستوکتلہ ڈرین پر پل بھی تعمیر کئے جائینگے۔ |
|