والٹن روڈ منصوبہ تاحال نامکمل،ٹریفک دباؤ 
1-3-2025
اہور (سٹاف رپورٹر سے ) والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی دی گئی ڈیڈ لائن پر بھی کام مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث شہریوں کو بدستور مشکلات کا سامنا ہے ۔ منصوبہ 2023 میں شروع اور ابتدائی طور پر اسے جلد مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا ، لیکن بار بار دی جانے والی ڈیڈ لائنز کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔وزیر اعلیٰ نے والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل کیلئے 7 فروری کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم مقررہ وقت پر کام مکمل نہ ہونے کے باعث افتتاح منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے بعد 20 فروری کی نئی ڈیڈ لائن دی گئی لیکن سی بی ڈی پنجاب مقررہ وقت پر بھی کام مکمل نہ کر سکا۔ذرائع کے مطابق منصوبے میں سروس روڈ، ہارٹیکلچر، اور لینڈ سکیپنگ کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث اس کا افتتاح مزید تاخیر کا شکار ہو گیا ۔ والٹن روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ گرد و غبار اور کھدائی کے باعث آس پاس کے کاروبار بھی گزشتہ دو برس سے متاثر ہیں۔