لاہور(شیخ زین العابدین)جوہر ٹاؤن میں ٹیپا کا سکریپ سٹور، نیلامی نہ ہونے سے لاکھوں کا نقصان، شہری مشکلات کا شکار، نیلامی نہ ہونے کے باعث سرکاری خزانے کو بھاری نقصان ہو رہا ہے نہ صرف قیمتی سامان ضائع ہو رہا ہے بلکہ ملبہ شہریوں کے لیے آلودگی، بدبو اور بیماریوں کا سبب بھی بن رہا ہے۔
روزنامہ دنیا سروے کے مطابق ٹیپا نے شہر بھر میں غیر قانونی سائن بورڈز اور پولز ہٹانے کے لیے تو کارروائیاں کیں، مگر کئی سال گزرنے کے باوجود یہ ملبہ نیلام نہیں کیا جا سکا۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، جبکہ شہری آلودگی، بدبو اور مچھروں کے باعث مختلف مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔یہ ملبہ صرف سرکاری وسائل کا ضیاع نہیں، بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور شہریوں کے لیے صحت کے مسائل کا باعث بھی بن رہا ہے۔ یہاں سے اٹھنے والی بدبو اور مچھروں کی افزائش کے باعث جوہر ٹاؤن کے رہائشی پریشان ہیں، لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا۔ذرائع کے مطابق ٹیپا اس ملبے کی بروقت نیلامی کر دے تو نہ صرف حکومتی خزانے کو فائدہ ہوگا بلکہ جوہر ٹاؤن کے شہری بھی سکھ کا سانس لے سکیں گے۔ لیکن کئی سالوں سے سکریپ یہاں جوں کا توں پڑا ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یا تو متعلقہ حکام کو اس کی کوئی فکر نہیں یا پھر معاملہ پالیسی کے فقدان کا شکار ہے ۔کھلے آسمان تلے پڑے ملبے کو چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ |
|