سی ڈی اے بورڈ اجلاس ،ادارے میں سیپ سسٹم نافذ
21-2-2025
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)سی ڈی اے بورڈ کا چوتھا اجلاس جمعرات کے روز چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہوا۔۔۔ جس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کو پولیس یونیورسٹی کے قیام کیلئے زمین کی الاٹمنٹ ، ادارے میں مالی معاملات کے بہتر انتظام کیلئے سیپ (SAP) اکاؤنٹنگ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ رواں مالی سال کے آخر تک ادارے کے تمام اثاثہ جات کی تفصیل مرتب کی جائے گی ، کارپوریٹ سیکٹر طرز پر فنانشل رپورٹ تیار کی جائے گی اور فنانشل رپورٹ میں ادارے کے مالی سال کے حوالے سے کامیابیوں اور اہداف کی تفصیل شائع کی جائے گی ۔ اجلاس میں کرایوں پر دی گئی جگہوں کی نشاندہی کیلئے ممبر فنانس کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ۔اجلاس میں سی ڈی اے کی مختلف ادائیگیوں کو کیش لیس کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد واٹر کے اکاؤنٹ کو کیو آر کوڈ کے ذ ریعے کیش لیس پیمنٹس پر منتقل کردیا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں ڈی ایم اے ، انوائرنمنٹ اور انفورسمنٹ سے موصول ہونے والے جرمانوں اور دیگر شعبوں میں موصول ہونے والی ادائیگیوں کو بھی کیش لیس کردیا جائے گا