شہر کے 52 ٹرانسپورٹ روٹ فعال کرنے کی تیاریاں
21-2-2025
لاہور(شیخ زین العابدین)الیکٹرک بسیں چلانے کے بعد لاہور کے غیر فعال روٹس کو بھی چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے 52 روٹ کو آپریشنل کرنے کے لئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 154 روٹ پرمٹ جاری کئے جائیں گے جس سے شہر کے 6 سال سے غیر فعال روٹس پر شہریوں کو باقاعدہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ نجی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر بسیں چلائی جائیں گی۔ماضی میں لاہور میں 48 پبلک ٹرانسپورٹ روٹس کو غیر فعال کر دیا گیا تھا، جس سے شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہباز شریف کے دور حکومت میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے ان روٹس پر بسیں چلائی تھیں،یہ آپریشن دسمبر 2017 میں بند ہوگیا۔ تاہم 2018 سے 2024 کے دوران حکومتیں پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے صرف اعلانات کرتی رہیں، لیکن کسی بھی عملی اقدام کو عملی جامہ نہ پہنایا جاسکا۔ منصوبے کے مطابق لاہور کے اہم مقامات کو کور کیا جائے گا، جن میں اڈا پلاٹ سے لاری اڈا، ٹھوکر نیاز بیگ سے ریلوے سٹیشن، اورنج لائن میٹرو سٹیشنز سے مختلف علاقوں تک نجی ٹرانسپورٹرز پبلک ٹرانسپورٹ چلائیں گے۔ اسی طرح جوہر ٹاؤن سے جنرل ہسپتال، ڈیفنس، ٹھوکر، لاری اڈا اور دیگر بڑے تجارتی اور رہائشی علاقے روٹس میں شامل ہونگے۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ بسوں کی بحالی کے لئے ٹرانسپورٹرز سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں اور جلد ہی اس منصوبے کو عملی شکل دی جائے گی