سلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر کی جانب سے نااہل افراد کے لیے 10 ملین روپے سے زائد کی پراپرٹی کی خرید و فروخت پر پابندیاں عائد کرنے کی کوشش اس وقت کمزور پڑ گئی ہے جب ٹیکس قوانین میں تجویز کردہ تبدیلیوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ اب ٹیکس قوانین ترمیمی بل کی منظوری پر غور دو ماہ بعد صرف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کرے گی، جب ایف بی آر ایک آن لائن نظام تیار کرنے کے قابل ہوگا، جو فائل شدہ انکم ٹیکس ریٹرن یا ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں رضاکارانہ تبدیلیوں کی اجازت دے گا تاکہ نااہل افراد کو اہل افراد میں تبدیل کیا جا سکے۔مجوزہ ٹیکس قوانین ترمیمی بل کے تحت، کسی شخص کو 1 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کرکے اپنی اہلیت ثابت کرنا ہوگی تاکہ وہ 1کروڑ 30 لاکھ روپے کا پلاٹ خرید سکے۔ اس مقصد کے لیے، ایف بی آر ایک ایپ تیار کرے گا، جس کے ذریعے متعلقہ شخص اپنی حد میں اضافہ کرنے کے لیے کسی بھی ترمیم کر سکے گا تاکہ مزید اثاثے ظاہر کر کے اہلیت کے معیار پر پورا اتر سکے۔ یہ آن لائن نظام ایف بی آر، نادرا اور صوبائی ایکسائز محکموں کے قریبی اشتراک سے تیار کیا جائے گا۔
|
|