اہور(خصوصی نمائندہ،اپنے نامہ نگار سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی بس سروس کا افتتاح کردیا، الیکٹرک بس میں سواری اور تفصیلی معائنہ بھی کیا، اورملتان میں شہری پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسر معطل کرکےگرفتاری کا حکم دے دیا،الیکٹرک بس سروس کے افتتاح پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے بریفنگ میں بتایا کہ الیکٹرک بس میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر،وائی فائی، یو پی ایس پورٹ اور دیگر سہولیات موجود ہیں، 30 نشستیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ، خصوصی افراد کیلئے ریمپ اور نشستیں مخصوص ہوں گی، مسافروں کے تحفظ کے لئے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے،9مخصوص چارجنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ، ہراسانی کے واقعات کے سد باب کے لئے کیمرے بھی نصب ہوں گے، بس ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن چلے گی ، ہر 9 منٹ کے بعد آئے گی ،17ہزار مسافر روزانہ سفر کر سکیں گے، روٹ پر 42 جدید ترین بس شیلٹر زبھی قائم کئے گئے ہیں، ایپ سے ٹریکنگ ممکن ہو گی، کرایہ ڈیجیٹل والٹ،ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے ادا کیا جا سکے گا، وزیراعلی ٰ نے بس سٹینڈز پر سولر فین ،واٹر کولر سیف سٹی کیمرے نصب کرنے کا بھی حکم دیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے ای ٹیکسی کی پنجاب میں اسمبلنگ کا جائزہ لینے اور نجی اشتراک سے الیکٹرک چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کے اقدامات کی ہدایت کی،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے فوری ایکشن لینے پر ملتان میں شہری پر تشدد کرنے والا پولیس افسر معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تشدد کرنیوالے پولیس افسر کی گرفتاری کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کیا عام آدمی کی عزت نہیں ہوتی۔ مجھے اپنے ہر شہری کی عزت نفس کا احساس ہے ، عام آدمی پر ظلم وزیادتی کی اجازت نہیں دوں گی۔ تشدد کی فوٹیج دیکھ کر نہایت تکلیف ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا پولیس کو شہریوں کے ساتھ عزت واحترام کا رویہ اپنانا چاہیے۔
|
|