راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) پنجاب حکومت نے زمینوں کے تنازعات اور دیوانی مقدمات کے خاتمے،ملکیت و قبضہ کے شفاف تعین کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کومنصوبہ برائے اصلاح نظام اراضی، ونڈا کرائو تے سکھ پائوکا نام دیا گیا ہے۔یکم فروری سے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ذریعے لوگوں کو زمینوں کی تقسیم کی طرف راغب کرنے کیلئے منصوبہ شروع ہوگا۔ بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر ریونیو عملہ مشترکہ کھاتوں کی معینہ مدت میں تقسیم کو یقینی بنائے گا اور لوگوں کو معاونت فراہم کرے گا۔مخصوص مدت کیلئے تقسیم کے انتقالات پر لاگو فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس منصوبہ سے خانگی تقسیم میں آسانی اور خواتین کے حقوق کا تحفظ ہوگا۔اراضی حدود اور ملکیت کے تنازعات ختم ہوں گے۔عالمی طرز پرجائیداد کا ریکارڈ تیار ہوگااور لینڈ مینجمنٹ بہتر ہوگی۔ |
|