گوادر ایئرپورٹ مکمل فعال، کراچی سے پہلی پر
21-1-2025
سلام آباد ،گوادر( نامہ نگار خصوصی ، نیوز رپورٹر ، ایجنسیاں)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا ،پی آئی اے کی گوادر کیلئے پہلی کمرشل پرواز پی کے305کراچی سے46مسافروں کو لیکر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی جسے واٹر باؤزر کے ذریعے سلامی دی گئی ‘پہلی پرواز کی لینڈنگ کے ساتھ ہی ایئرپورٹ مکمل طورپرفعال ہوگیا ‘ ایئر پورٹ پر ایئربس اور بوئنگ طیارے بھی اتر سکیں گے ‘ پروجیکٹ کی سالانہ گنجائش 4لاکھ مسافروں کی ہے جبکہ اس کا رن وے 3.6کلومیٹرطویل ہے ‘ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے انتھک محنت پرعسکری قیادت ودیگر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا ‘مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی حکومت کی مشکور ہے‘گوادر ایئرپورٹ کے فعال ہونے سےسی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گاجبکہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف کا کہنا تھاکہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گاجبکہ تجارت اورترقی کی نئی راہیں کھلیں گی‘ایئرپورٹ ملکی معیشت میں تبدیلی کا باعث ہوگا،سنگ میل عبور کرنے پر سب کو فخر ہے‘ ایئرپورٹ کی تعمیر میں تعاون پر چین کے مشکور ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پہلی پرواز کی لینڈنگ کے ساتھ ہی مکمل طور پر فعال ہوگیا ۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام نے کہا کہ یہ سی پیک کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو اب آپریشنل ہو گیا ۔خواجہ آصف نے گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تاریخی پرواز کے مسافروں کا پر تپاک استقبال کیا ،یہ پروجیکٹ جدید ترین ایئرپورٹ انفراسٹرکچر کا حامل ہے، جس کی سالانہ گنجائش 4 لاکھ مسافروں کی ہے، 3.6 کلومیٹر طویل رن وے، جو بڑے طیاروں جیسے بوئنگ 747 اور ایئربس A380 کو سہولت فراہم کرنے کے قابل ہے ، یہ منصوبہ تقریباً 246 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے جس کی فنڈنگ حکومت پاکستان، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی‘سلطنت عمان اور حکومت چین کی گرانٹ سے کی گئی ہے۔ دریں اثناءپیر کو جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کا کہناہے کہ گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا سی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گا‘آج ہم چینی صدر شی جن پنگ اورمحمد نواز شریف کے سی پیک کے ذریعے پاکستان و خطے کی ترقی کے مشترکہ عزم کی تکمیل کے مزید قریب پہنچ گئے‘سی پیک کی شروعات نواز شریف کے دور سے ہوئی اور اس کے اہم سنگ میل بھی ان کی قیادت میں عبور ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیرِ دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان، سکیورٹی پر مامور افسران، اہلکارو ں اور عسکری قیادت کو ائیر پورٹ کی تعمیر کیلئے دن رات انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔علاوہ ازیں نیو گوادرانٹرنیشنل ایئرپور ٹ کی آپریشنلائزیشن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےخواجہ آصف نے کہاکہ نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ملکی معیشت میں تبدیلی کا باعث ہوگا ۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمیں اس خوبصورت تحفہ کےلئے چینی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ۔ نیو گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈا بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لئے تبدیلی کے فوائد لانے کے لئے تیار ہے۔ یہ محض ہوائی اڈا نہیں بلکہ لامحدود مواقع کا ایک دروازہ ہے، یہ نیا انفراسٹرکچر تجارت اور سیاحت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا جس سے ترقی، خوشحالی نہ صڑف اس علاقے بلکہ پورے پاکستان کے لئے میسر ہو گی ۔قبل ازیں افتتاحی پرواز کی خوشی میں ایک مختصر تقریب بھی منعقد کی گئی ،وزیر دفاع خواجہ آصف نے نیو گوادر ایئرپورٹ کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے معزز مہمانوں کو اسناد اور شیلڈز پیش کیں، اعزازات حاصل کرنے والوں میں وزیراعلیٰ بگٹی، گورنر مندوخیل، سیکریٹری ایوی ایشن منگی، سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات، ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل عدنان سرور ملک، ریئر ایڈمرل عدنان اور متعدد منصوبہ جات کے اہلکار شامل تھے،سیکریٹری ایوی ایشن منگی اور ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کی ترقی میں ان کی قیادت کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی۔