راولپنڈی کے شہریوں کو یومیہ 19ملین گیلن پانی
8-1-2025
سلام آباد (ساجد چوہدری )راولپنڈی کے شہریوں کو یومیہ 19ملین گیلن پانی کی قلت کا انکشاف ہوا ہے ، زیرزمین پانی کی سطح آئے روز نیچے گرنے سے شہر میں لگے ٹیوب ویل خشک ہونے لگے ہیں ،ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے شہریوں کو راول ڈیم ، خانپور ڈیم کے علاوہ ٹیوب ویل ہی پانی کی فراہمی کے بڑے ذرائع ہیں مگرسڑکیں ، گرائونڈ اور پختہ تعمیرات کی بھرمار ہے جس کے پیش نظر ری چارجنگ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے لوگوں کے زیراستعمال پانی اور بارشوں کا پانی نالوں کی نذر ہو جاتا ہے جس کے پیش نظر زیرزمین پانی کی سطح میں روز بروز کمی آتی جا رہی ہے جو ٹیوب ویل پہلے تین سے چار سو فٹ تک گہرے ہوتے تھے اب وہ چھ سو فٹ تک کی گہرائی تک پہنچ چکے ہیں مگر بعض مقامات پر اتنی گہرائی میں بھی پانی نہیں ملتا، جس بے دردی سے زیرزمین پانی کو نکالا جا رہا ہے اگر اس کو روکا نہ گیا تو آنے والے سالوں میں راولپنڈی میں پانی کی صورتحال مزید خراب ہوتی جائے گی ،حکام کے مطابق راولپنڈی کے شہریوں کو یومیہ 51ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ان کو 70ملین گیلن یومیہ پانی کی ضرورت ہے ، اس طرح راولپنڈی کے شہریوں کو یومیہ 19ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا ہے ، راولپنڈی میں پانی کا نیٹ ورکنگ سسٹم چالیس سے پچاس سال پرانا ہے اور بعض لائنیں اب بھی نالوں سے پانی کی لائنیں گزر رہی ہیں ، حکام کے مطابق ایک میگا پراجیکٹ کے تحت جہاں بعض علاقوں میں پانی کی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے وہاں راول ڈیم کے پاس لگے فلٹریشن پلانٹ کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ،اس سے صورتحال میں کسی حد تک بہتری آنے کے امکانات بتائے جا رہے ہیں