اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی
17-12-2024
کراچی (نمائندہ جنگ )پاکستان سٹاک ایکس چینج‘ شرح سود میں مزید کمی کی خبروں کے باعث سرمایہ کاروں میں زبردست جوش و خروش‘ مارکیٹ میں تاریخی تیزی ‘نیا ریکارڈ قائم،کے ایس ای100انڈیکس میں 1868 پوائنٹس کا اضافہ، ایک لاکھ 16 ہزار169پوائنٹس پر بندہوا۔ 51.57 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت 224 ارب ایک کروڑ 43 لاکھ روپے بڑھ گئی،کاروباری حجم بھی 35 کروڑ 20 لاکھ 91 ہزار شیئرز زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید کمی کی خبروں اور معاشی سرگرمیاں بہتر ہونے کی امید پر نئے کاروباری ہفتےکے پہلے روز بھی سرمایہ کاروں میں زبردست جوش وخروش نظر آیا،پیر کو ٹریڈنگ کا آغاز 1044 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا جس کے بعد چند اہم شعبوں میں بھاری خریداری سے دن بھر تیزی کی لہر نے مارکیٹ کو لپیٹ میں لئے رکھااور ایک موقع پر 100انڈیکس 2380 پوائنٹس تک اوپر چلا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1867.61 پوائنٹس کے اضافے سے 114301.80 پوائنٹس سے بڑھ کر 116169.41 پوائنٹس پر آکر بند ہوا جو کہ مارکیٹ کا نیا ریکارڈ ہے ،کے ایس ای30انڈیکس بھی 853.37 پوائنٹس کے اضافے سے 35805.43 پوائنٹس سے بڑھ کر 36658.81 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 1111.40 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 72362.22 پوائنٹس سے بڑھ کر73473.62 پوائنٹس پر آگیا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 477 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 246 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،194 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 37 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی۔