تجارتی مراکز اور پلازوں کے بجلی کنکشنز رات &#
3-4-2024
ملتان(سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان نے کہا ہے کہ میپکو میں میٹروں کی کمی مکمل طورپر ختم ہوچکی ہے، اب محکمانہ قواعد کے مطابق مقررہ معیاد میں ڈیمانڈ نوٹسز کا اجراء اور میٹروں کی تنصیب کی جارہی ہے،یہ بات انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔انہوں نے تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ صارفین کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے اور ان کی شکایات کم سے کم وقت میں حل کی جائیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر نے افسران کو ہدایت کی کہ میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں کمرشل مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور پلازوں کے کنکشنز رات کے اوقات میں لازمی چیک کئے جائیں اور بجلی چوروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے جرمانے کرکے وصول کئے جائیں۔ مقدمات کا اندراج کرواکر گرفتاریاں بھی کروائی جائیں۔ واجبات، بقایاجات کی عدم ادائیگی پر مستقل نادہندگان کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے اور انہیں نوٹسز جاری کرواکر وصولیاں ممکن بنائی جائیں۔اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن وقاص مسعود امجد چغتائی، جنرل منیجر آپریشن ناصر ایاز گرمانی، چیف انجینئر کسٹمرسروسز جام گُل محمد زاہد، چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ چوہدری خالد محمودسمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔