اسلام آباد(نیوز رپورٹر، کامرس رپورٹر) سی ڈی اے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے مابین ایک ایم او یو پر دستخط کئے گئے جس کے تحت اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں قائم کئے گئے مردانہ اور زنانہ عوامی بیت الخلاء اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے حوالے کئے جائیں گے۔ یہ بیت الخلاء مختلف تجارتی مراکز اور ہسپتالوں سے منسلک مناسب جگہوں پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ ہر یونٹ میں 10 پبلک ٹوائلٹس ہیں جنہیں جدید سہولیات سے مزین کیا جائے گا تاکہ تجارتی مراکز میں خریداری کی غرض سے آنے والی فیملیز کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایم او یو پر آئی سی سی آئی کی جانب سے صدر احسن ظفر بختاوری اور سی ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر سینی ٹیشن معشوق علی شیخ نے دستخط کئے۔ دستخط کی تقریب میں سی ڈی اے افسران ،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ، اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبر، چوہدری نثار علی خان ،خالد چوہدری اور ضیاء چوہدری سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ یا دداشت کے تحت اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی انتظامیہ ان تمام عوامی بیت الخلاء کی تعمیر و مرمت، ورکرز کی تنخواہیں، صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام انتظامات کا ذمہ دار ہوگا۔بیت الخلاء کی اراضی سی ڈی اے کی ہی ملکیت رہے گی۔ صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد ہم سب کا شہر ہے۔ ہم اس کو پورے ملک کیلئے ماڈل سٹی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔شہر کی خوبصورتی ،صفائی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واش رومز کے استعمال کے لئے لی جانے والی معمولی فیس ان واش رومز کی اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کے لئے خرچ کی جائے گی۔ چیمبر اپنی مدد آپ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی بنائے گا ۔ |
|