الیکشن کمیشن نے راولپنڈی کی ماسٹر پلاننگ ا
21-3-2024
راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے راولپنڈی کی ماسٹر پلاننگ اور زوننگ پر عائد پابندی ہٹا لی جس کے بعد امکان ہے منصوبہ2043جلد منظور ہوجائے گا۔پابندی ہٹنے کے بعد کمشنر آفس میں بھی اجلاس ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کو ہفتہ دس دن میں تمام امور کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ۔ماسٹر پلاننگ کے سلسلے میں26مختلف محکمے آن بورڈ ہیں۔زرائع کے مطابق راولپنڈی ماسٹر پلاننگ میں ایک ہائی رائز بلڈنگ زون بھی بنانے کی شنید ہے ۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کےلینڈ یوز کلاسیفیکشن میپ کا ڈی پی ڈی سی سے منظوری کے بعد نوٹیفیکشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح لسٹ اے اور بی کی کمرشل روڈز بھی پہلے سے نوٹیفائی کی جاچکی ہیں۔ لینڈ کلاسفیکیشن میپ آبادکاری(بلڈاپ ایریا)کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے بعد اب کنسلٹنٹ کمپنی آئندہ25/20سال کی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ضلع راولپنڈی میں زمین کی نئی درجہ بندی(زوننگ) کے مطابق ترقیاتی منصوبہ تیار کرے گی۔بیس سالہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک حد بندی کردی گئی ہےجس کے باہر کسی قسم کی کوئی تعمیراتی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی اورسارا ایریا زرعی قرار پائے گا۔مختلف بڑی منڈیوں کو بھی منتقل کیا جائے گا۔