اسلام آباد(نیو زرپورٹر) ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کرنے سمیت صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سی ڈی اے انتظامیہ نے اسلام آباد شہر میں سائیکل کلچر کو فروغ دینے کے لئے مختلف سیکٹرز اور علاقوں میں شاہراہوں کے ساتھ بائیسکل لینز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تر جمان کے مطابق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بائیسکل لیب پراجیکٹ (بی ایل پی) کے تحت اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور سیکٹرز میں 374 کلومیٹر طویل سائیکلنگ ٹریک 18 ماہ کی مدت میں 2.4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ یہ ٹریک خیابان اقبال، سیکٹر G-6، G-7، G-8، گرین ڈبل لین، جناح ایونیو، ریڈ ڈبل لائن سمیت پرپل لائن میٹرو بس منصوبے سے منسلک شاہراہوں پر تعمیر کیا جائے گاتاکہ میٹرو بس سے نکلنے والے مسافر سائیکلنگ ٹریک استعمال کرسکیں۔ منصوبے کے تحت اسلام آباد کے ہر سیکٹر کو سائیکلنگ ٹریک کے ذریعے منسلک بھی کیا جائے گا۔بائی سائیکل لیب پراجیکٹ (بی ایل پی) کے تحت 150پارکنگ سٹینڈ بھی تعمیر کئے جائیں گے تاکہ شہری سستے کرائے پر بائیکس جیسی سہولیات سے بھی مفید ہوسکیں۔ اسٹینڈ پر 40سے زائد الیکٹرانک بائیکس کھڑی کرنے کی گنجائش ہو گی۔ |
|