لاہور ہائی کورٹ نے رمضان المبارک میں مارکیٹس کو رات 12 بجے جبکہ ہفتے اور اتوار کو رات 1 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
عدالت میں جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی ۔
عدالت نے ریسٹورنٹس میں پارکنگ سے متعلق ممبر جوڈیشل کمیشن سے پلان طلب کرلیا۔
علاوہ ازیں، عدالت نے جوڈیشل کمیشن کے اسٹاف کے ساتھ ایک ریسٹورنٹ کے مالک کی بدتمیزی کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسٹورنٹ کے مالک کو آئندہ پیشی پر طلب کیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ لوگوں کا مائنڈ سیٹ بن چکا ہے سب کو اس میں تعاون کرنا چاہیے۔
ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں مردہ مرغیوں کے ٹرک آتے ہیں جن کا گوشت 30 روپے والے شوارمے میں استعمال ہوتا ہے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کے لیے متعلقہ محکموں نے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔
ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو مزید بتایا کہ قصور میں ٹینریز کا پانی پھیل رہا ہے جس کے تدارک کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا |
|