ملتان(سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان نے نشتر روڈسمیت شہر میں واقع کمرشل سنٹرز،پلازوں اور مارکیٹوں کے کنکشنز فوری طورپر چیک کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اورکہا ہے کہ ریجن بھر میں کمرشل ایریاز کے تمام کنکشنز چیک کئے جائیں اور بجلی چوری کا سراغ لگایاجائے۔بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔ تمام کمرشل مراکز کی چیکنگ کرکے پروگریس رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوائی جائے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تمام ہائی لاس فیڈرز پر نقصانات کی شرح میں کمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور ایریا پلاننگ، بائفرکیشن، انرجی لاس ریڈکشن کے منصوبے شروع کرکے کم سے کم وقت میں مکمل کیاجائے۔ کنٹرول رومز میں ڈیوٹیوں پر موجود افسران اور ملازمین کو ہائی الرٹ رکھاجائے۔ نئے کنکشنوں کی فراہمی کا بیک لاک ختم ہوگیاہے اور فروری 2024ء کے اختتام تک ڈیمانڈنوٹسز اداکرنے والے گھریلو اورکمرشل نئے کنکشنوں کی فراہمی کے لئے 14ہزار803سنگل فیز میٹرز کا اجراء کردیاگیاہے۔ |
|