ایم ڈی اے نے کمیونٹی پلاٹ کو غیر قانونی طور پ
8-3-2024
ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ترقیاتی ادارہ میں من مانیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ، کمیونٹی پلاٹ کو غیر قانونی طور پر تھانے کی عمارت کے لئے الاٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر لی۔ اس سلسلہ میں سٹی پولیس آفیسر ملتان کو آفر لیٹر بھی بھیج دیا گیا ہے ، آفر لیٹر میں 128 مرلے کمیونٹی پلاٹ کی قیمت 21 کروڑ 76 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔ قوانین کے مطابق ماڈل ٹاؤن سمیت ملتان ترقیاتی ادارہ کے زیر کنٹرول ہاؤسنگ سوسائٹیز میں واقع کمیونٹی پلاٹس کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتے تاہم ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے پہلے ایم ڈی اے آفیسرز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں تھانہ بہاء الدین زکریا کے لئے کمیونٹی پلاٹ مختص کیا تاہم سکول کے لئے مختص پلاٹ کو تھانہ بہاء الدین زکریا کے لئے دینے کے ایم ڈی اے حکام کے فیصلے پر رہائشیوں نے احتجاج کیا تھا اور عدالت سے رجوع کر لیا تھا - جس پر ملتان ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر زاہد اکرام نےسکول کی جگہ پر تھانہ تعمیر کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔