راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)مسافروں کی تعداد بڑھنے کے باعث راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان چلنے والی ایکسپریس میٹرو بس سروس بند کردی گئی ۔میٹرو انتظامیہ نے کہا ہے کہ صدر راولپنڈی تا سیکرٹریٹ سرکاری ملازمین کو جلد پہنچانے کیلئے معمول کی میٹرو بس سروس کے ساتھ ایکسپریس بس سروس چلائی گئی تھی جس کیلئے کل68بسوں میں سے دس بسیں مختص کی گئی تھیں۔ ایکسپریس سروس صدر تا سیکرٹریٹ 24اسٹیشنز کی بجائے صرف چھ اسٹیشن پر رکتی تھی۔آغاز میں سروس نے اچھے نتائج دئیے تاہم بعد میں عام لوگوں نےبھی معمول کی سروس کے استعمال کی بجائے ایکسپریس سروس پر زیادہ انحصار شروع کردیا۔ ایکسپریس سروس کیلئے بسیں الگ کرنے سے معمول کی بس سروس بھی متاثر ہورہی تھی۔دوسری طرف شہریوں نے ایکسپریس میٹرو بس سروس کی بندش پر احتجاج کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سروس بحال کی جائے۔ دریں اثناء سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن کے افتتاح کیلئے پھر نئی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ اب تین فروری کو افتتاح کا امکان ہوگا۔ |
|