کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی صنعتی زون میں پلاٹوں پر قبضے کے کے خلاف درخواست پر کے ڈی اے کو قبضہ ختم کرانے کا حکم دیدیا۔ جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کورنگی صنعتی زون میں پلاٹوں پر قبضے کے خلاف سماعت ہوئی۔ ڈائریکٹر کے ڈی اے اور ڈی ایس پی کورنگی عدالت میں پیش ہوئے۔ ایس ایس پی کورنگی کی جانب سے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہارکیا۔ جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ کتنے دنوں میں قبضہ ختم کرائینگے؟ ڈائریکٹر کے ڈی اے جمیل بلوچ نے بتایا کہ 20 پولیس موبائل اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ نفری درکار ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو توپ، اینٹی ایئرکرافٹ گن اور میزائل بھی دیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں تین سو اسکوائر یارڈ کے 6پلاٹ 2009سے قبضہ ہوگئے ہیں جس کی مالیت کروڑوں میں ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود کے ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے قبضہ خالی نہیں کرایا۔ |
|