حویلیاں، قبضہ مافیا سے زیر قبضہ 12 کنال ملکیت
11-1-2024
پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ کے احکامات کی روشنی میں سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ نے حویلیاں ایبٹ آباد میں قبضہ مافیا سے 11سال پرانی غیر قانونی طور پر زیر قبضہ بورڈ کی 12کنال ملکیتی اراضی واگزار کر لی۔ منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ غضنفر علی،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نعمان فیاض ودیگر حکام اور اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں لبنی اقبال کی مشترکہ آپریشن میں اس قیمتی اراضی کو قابضین سے واگزار کرکے اسے بورڈ نے اپنے قبضے میں لے لیا جسے حویلیاں میں قائم ہونیوالی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے زیر استعمال لانے کیلئے اس کی ڈیمارکیشن بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ مذکورہ سرکاری اراضی کو قابضین سے واگزار کرنے کیلئے نگران وزیر نے کمشنر ہزارہ اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو ایکشن لینے کیلئے احکامات جاری کئے تھے جسکے نتیجے میں مقامی انتظامیہ اور بورڈ کی مشترکہ کارروائی میں مذکورہ قومی ملکیت کو واگزار کرکے اسے بورڈ کے تحت استعمال میں لایا جائیگا۔