ملتان(سٹاف رپورٹر )کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد ناگزیر ہے ،ماضی میں قوائد وضوابط سے ہٹ کر تعمیر ہونے والی عمارتوں نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے،شہر میں 5 سڑکوں کو ماڈل سڑکیں بنایا جائے۔ کمرشل اداروں کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےٹریفک مسائل اور حل بارے جائزہ اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ ،میونسپل کارپوریشن، ٹرانسپورٹ ،لوکل گورنمنٹ،ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ بلڈنگ بائی لاز کے اطلاق کے باوجود قائم ہونیوالی کمرشل عمارتوں سے ٹریفک مسائل جنم لے رہے ہیں،حکومت شہر میں بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے منڈیاں اور اڈے شہر سے باہر شفٹ کرنے پر غور کررہی ہے،گلگشت برانڈ روڈ، نشتر روڈ، کچہری، پرانا شجاع آباد روڈ ،بوسن روڈ پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ سروس لین پر بھی ریڑھی بانوں کا قبضہ ہے جبکہ بوسن روڈ پر غیر ضروری روڈ کٹ کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتا ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو احکامات دیے کہ روزانہ کی بنیاد پر انسداد تجاوزات کارروائی کی جائے۔ڈی سی رضوان قدیر ، ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ |
|