سکستھ روڈ ، گرد ونواح میں ملی بھگت سے غیر قان
18-12-2023
راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سکستھ روڈ اور گرد ونواح کے رہائشی علاقوں میں بلانقشہ اور خلاف نقشہ ہونے والی کمرشل تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ ایک برس کے دوران کارپوریشن کےعملے کی ملی بھگت اور ضلعی انتظامیہ کی معنی خیز خاموشی کے نتیجے میں درجنوں ایسے پلازے تعمیر ہو چکے ہیں یا ان کی تعمیرات جاری ہیں جو بلانقشہ وخلاف نقشہ ہیں یا رہائشی نقشوں پر بنائے جا رہے ہیں۔ اس صور تحال میں ایک طرف صوبائی حکومت کو نقشوں کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے تو دوسری طرف بغیر کسی منصوبہ بندی کے بنائی جانے والی کئی کئی منزلہ یہ عمارتیں آنے والے دنوں میں ٹریفک اور نکاسی آب سمیت متعدد مسائل میں مزید اضافہ کریں گی۔ سکستھ روڈ پر واقع طالبات کے کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کے بعد ارد گرد کے رہائشی علاقوں کی چھوٹی چھوٹی گلیوں میں رہائشی نقشوں پر کئی کئی منزلہ کمرشل عمارتوں کی تعمیر بڑھ گئی ہے۔ ا ن میں سے بیشتر عمارتوں کو ہوسٹل بنا دیئے جانے سے طرح طرح کے مسائل سے اہل محلہ کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔دوسری طرف اب ان گلیوں میں بھی ٹریفک کی قطاریں لگی رہتی ہیں۔ دریں اثناء اس وقت شہر کا کوئی ایک علاقہ بھی ایسا نہیں جہاں قانون کی عملداری نظر آئے ، نالہ لئی اور مری روڈ سے لیکر شہر کے چھوٹے چھوٹے محلوں تک ہر طرف تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات جاری ہیں۔