راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ایف آئی اے اسلام آباد زون نے گزشتہ 3ماہ کے دوران راولپنڈی ریجن میں واقع متروکہ وقف املاک بورڈ کی اربوں مالیت کی کمرشل پراپرٹیز وگزار کروا لیں ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد محمد افضل خان نیازی کی زیر نگرانی چھاپہ مار ٹیموں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری کوثر اور اے ایس آئی مظہر شاہ نے سپریم کورٹ از خود نوٹس کے احکامات کی روشنی میں کارروائیاں کیں۔ واگزار کروائی گئی پراپرٹیز مجموعی طور پر 112 ایکڑ 9 کنال اور 14 مرلہ پر مشتمل ہیں جنمالیت 6 ارب 40 کروڑ 2 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں اٹک، فتح جھنگ اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر عمل میں لائی گئیں۔ راولپنڈی ریجن سے 15 ایکڑ 3 کنال اور 2 مرلہ کی جائیدادیں وگزار کروائی گئیں ،جنکی مالیت 5 ارب 45 کروڑ 9 لاکھ ہے جبکہ حسن ابدال سے 97 ایکڑ 6 کنال اور 12 مرلہ کی جائیداد واپس لی گئی جس کی مالیت 589.390 ملین ہے۔کارروائیوں میں ضلعی اانتظامیہ اور مقامی پولیس سے بھی معاونت لی گئی۔وگزار کروائی گئی پراپرٹیز متروکہ وقف املاک حکام کے حوالے کر دی گئیں |
|