اڈیالہ روڈ پر تجاوزات ،فٹ پاتھ اور بیچ سڑک ت&
4-12-2023
اولپنڈی (نمائندہ جنگ) اڈیالہ روڈ پر تجاوزات کی بھرمار سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فٹ پاتھ پر دکانداروں کے قبضے اور بیچ سڑک تک ٹھیلوں کی اجارہ داری سے رات گئے تک ٹریفک کا نظام بری طرح سے متاثر رہنا روز کا معمول ہے۔ کمشنر راولپنڈی کی طرف سے تجاوزات کیخلاف روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیوں کے احکامات صرف احکامات تک محدود ہونے کی وجہ سے صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ خواجہ کارپوریشن سے گلشن آباد تک سڑک کے اطراف سبزی فروٹ، گوشت، مرغی اور مچھلی سمیت کپڑوں جوتوں سے لدی گاڑیاں اور ٹھیلے والے بیچ سڑک تک قابض رہ کر بلا خوف وخطر اپنا کاروبار کرتے ہیں اور ٹریفک کیلئے نصف سڑک بھی دستیاب نہیں ہوتی۔ سڑک کے اطراف متعدد بلانقشہ ، خلاف نقشہ اور بغیر پارکنگ تعمیر ہونے والی دکانیں اور پلازے بھی ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ لوگوں نے وزیراعلٰی پنجاب سے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کی سرپرستی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔