راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی میں رجسٹریوں کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا ہےجبکہ سرکاری واجبات کی وصولی نہ ہونے سے سرکاری خزانے میں کروڑوں روپے جمع نہیں ہوسکے۔بورڈ آف ریونیو نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دس دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لاپتہ رجسٹریوں اور قابل وصول رقوم کی ریکوری کرائی جائے۔چیف انسپکٹر سٹیمپ بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلع راولپنڈی کی 434لاپتہ رجسٹریوں میں سے391بازیاب ہو گئیں لیکن 43رجسٹریاں تاحال لاپتہ اور اور فیسوں کی مد میں 2لاکھ37ہزار851روپے قابل وصول ہیں۔مراسلہ کے مطابق اگست/ستمبر 2023میں آڈٹ کے دوران ایک ہائوسنگ پراجیکٹ کے ذمہ یکم جولائی2021 اور 30 جون2022کے دوران 80کروڑ97 لاکھ2 ہزار681روپے کی رقم واجب الادا ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ سابقہ آڈٹ میں بھی2 کروڑ 49لاکھ39ہزار96روپے کی کمی پائی گئی جو ریکور کی جانی ہےلیکن ضلعی انتظامیہ نے رقوم کی وصولی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے۔
|
|