سی ڈی اے چیئرمین ، بورڈ ممبران کی تعیناتی کی&
23-11-2023
اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سیکرٹری کابینہ ، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن کو نوٹس جاری کر دئیے جبکہ ڈی جی ایڈمن سی ڈی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ سی ڈی اے لیبر یونین کے سیکرٹری امان اللہ کی درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کاشف ملک ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ 2018 کے ہائیکورٹ کے ایک فیصلے کے تناظر میں تعیناتی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔سی ڈی اے بورڈ ممبران نے ایک پالیسی مرتب کی ہے جس کے تحت چھ ماہ کے اندر ایک کنال کا پلاٹ ملے گا ۔ سی ڈی اے میں تعینات ایک سو سے زائد افسران ڈیپوٹیشن پر آئے۔ایسے افراد جن کا سی ڈی اے سے متعلق نہ کوئی تجربہ ہے نہ ہی تعلیم ، صرف پلاٹ کے حصول کیلئے ڈیپوٹیشن پر نوازنے کیلئے تعینات کیا جاتا ہے۔ سی ڈی اے میں گریڈ20 کے افسران تعینات ہیں جبکہ ان کے اوپر گریڈ 19کے افسران تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران کی تعیناتی ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے لہٰذا انہیں کام کرنے سے روکا جائے۔