اسلام آباد (ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار ) سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈ منسٹریشن (ڈی ایم اے) اور میونسپل ایڈ منسٹریشن( ایم سی آئی) نے مہنگائی کے شکار شہریوں پر ایچ نائن سستے بازار میں پارکنگ فیس کا عذاب بھی مسلط کر دیا ۔گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے خصوصی انتظام کئے بغیر موٹر سائیکل سے 20 روپے ،کار سے 50 ، سوزوکی سے 100 ، منی ٹرکوں سے 200 روپے کی وصولی شرو ع کر دی گئی ہے ۔پارکنگ فیس کے نفاذ کے بعد سٹال ہولڈرز اور ٹھیکیدار کے مابین چند روز قبل گولیاں بھی چل گئی تھیں جس سے دو افراد زخمی ہوئے تھے ۔سٹال ہولڈرز کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے میں تین دن سامان منی ٹرکوں اور سوزوکیوں پر لے کر آتے ہیں پارکنگ فیس مہنگائی میں مزید اضافے کا موجب بنے گی ۔ آلو ساڑھے چار سو سے680 روپے پانچ کلو جبکہ پیاز 400 سے 610روپے پانچ کلو ہے مگر بازار میں صرف اوپر والی قیمت کا راج چلتا رہا ۔ادراک 456 کی بجائے 500 روپے ، گاجر 94 کی بجائے 110 ،سبز مرچ 80 کی بجائے 120 ، ٹماٹر 130 سے 165 روپے تھا مگر زیادہ سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوتا رہا ۔سیب ،انار ، امرود ، کیلا ، انگور ،فروٹر ، مالٹا اور کینو بھی سی ڈی اے کے نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہوتے رہے مگر کوئی پوچھنے والا نہ تھا ۔ سی ڈی اے کا عملہ بھی کہیں چیکنگ کرتا نظر نہیں آیا۔
|
|