اب گاؤں چمکیں گے پروگرم کے تحت ٹیکس وصولی ش&
17-11-2023
راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) اب گاؤں چمکیں گے پروگرم کے تحت عوام سے ٹیکس وصولی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رہائشی گھروں سے 50روپے اور دکانوں سے 200 روپےماہانہ ٹیکس لیا جائے گا۔ پٹرول پمپ، شادی ہال اور سروس سٹیشن پر ایک ایک ہزار جبکہ انڈسٹریل یونٹ سے دو ہزار روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس لیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت راولپنڈی میں 85،اٹک میں 71،مری12،جہلم 44، چکوال 46اور تلہ گنگ ضلع کی25یونین کونسلیں شامل ہیں۔راولپنڈی ڈویژن کی283یونین کونسلوں میں اب تک17ہزار378مختلف سرگرمیاں انجام دی جاچکی ہیں۔پنجاب حکومت نے صوبے کی2468دیہی یونین کونسلوں کو اب گاؤں چمکیں گے پروگرام میں شامل کیا ہوا ہے۔پروگرام کے تحت سالانہ 4 ارب2کروڑ 77لاکھ76ہزارروپے ٹیکس کی مد میں اکھٹے ہوں گے۔جبکہ اخراجات پانچ ارب 18کروڑ 28لاکھ روپے ہوں گے۔پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں صفائی کیلئے تین سینٹری ورکرز رکھے گئےہیں۔تین لوڈر رکشا کرائے پر لئے جانے ہیں۔اخراجات پورے کرنے کیلئے کوڑا ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وقار حسن چیمہ نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی ایل جیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروگرام کو فوکس کریں اور مسائل کے حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ پروگرام کے تحت دیہات کی صفائی ستھرائی، گاؤں کی داخلی سڑک کنارے پر موجود درختوں کے تنے پر رنگ، گھاس کی کٹائی، سیورئج لائنوں کی صفائی اور گاؤں میں موجود سرکاری دفاتر اور سرکاری سکولز و کالجز کی بلڈنگ کا رنگ روغن سمیت گاؤں کی خوبصورتی میں اضافہ بننے والے تمام پہلو شامل ہیں۔