راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی چک بیلی موڑ جی ٹی روڈ پر قائم ہونے والی سبزی اور فروٹ منڈی کا افتتاح آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ ادھر راجہ بازار راولپنڈی کے فروٹ سبزی کے تاجروں نے اعتماد میں نہ لئے جانے پر منڈی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ سبزی و فروٹ کے بڑے تاجر اسلام آباد سے ہی مال اٹھائیں گے۔ادھرکمشنر آفس راولپنڈی میں کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے تاجروں سے میٹنگ میں اعلان کیا کہ پیر سے راولپنڈی کی اپنی منڈی فعال ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر ایمرجنسی بنیاد پر یہ عارضی منڈی قائم کی گئی ہے اور آئندہ کچھ عرصے میں اسے مزید آگے بڑھایا جائے گا۔سبزی منڈی ٹریڈرز ایسو سی ایشن کے غلام قادر میر نے کہا کہ اسلام آباد کی منڈی چار پانچ کلومیٹر دور ہے۔ روات والی 21کلو میٹر دور ہے۔ٹرانسپورٹ کرائے بڑھنے سے پھل سبزی مہنگا پڑے گا۔
|
|