اسلام آباد (رانا غلام قادر) سی ڈی اے نے اسلام آباد کے موضع کری میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ رہائشی سکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سکیم پارک روڈ سے ملحقہ کری روڈ پر14ہزار کنال اراضی پر محیط ہوگی اور صر ف اوورسیز پا کستانیوں کیلئے مختص ہوگی۔ اس سکیم کے پلاٹس اوورسیز پاکستانیوں کو ڈالر میں فروخت کئے جائیں گے تاکہ ملک کو زرمبادلہ مل سکے۔ پہلے مرحلے میں اس سکیم کیلئے ڈیزائن کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ منظوری جمعرات کے روز چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) انوار الحق کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔ ڈیزائن کنسلنٹ سکیم کا سروے، ماحولیاتی اسٹڈی‘ ٹریفک اسٹڈی‘ ہائیڈرالوجی اسٹڈی کرے گا۔ انفراسڑکچر ڈویلپمنٹ کیلئے ڈیزائن تیار کرے گا۔ اجلاس نے سی ڈی اے کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے رہائشی و کمرشل پلاٹس کی آکشن کے پلان کی بھی منظوری دی۔ یہ آکشن 17سے20اکتوبر تک جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگی۔ |
|