کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضلع ویسٹ پولیس، سندھ رینجرز اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے ہائیڈرینٹ مافیا کے خلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن کرکے بنارس، اسلامیہ کالونی، کنواری کالونی اور ماربل ایریاء میں سرکاری لائینوں سے پانی چوری کرکے ذخیرہ کرنے والے6غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ کو سیل کردیا اور6پانی کی موٹریں، پمپ، پائپ و دیگر سامان ضابطے کے تحت قبضے میں لے لیا ،واٹر ہائیڈرینٹ مافیا و کارندوں کے خلاف پیرآباد تھانے میں 6مقدمات درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے کارروائیاں کی جاری ہیں،علاوہ ازیں واٹر کارپوریشن نے اپنےایگزیکٹو انجینئرز سے تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس، کنکشنز اور سب سوائل کی رپورٹ تین روز میں مانگ لی ،گزشتہ دنوں رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سندھ پولیس سمیت واٹر کارپوریشن کی مدد سے جنجال گوٹھ، منگھوپیر، تین ہٹی اور محمود آباد سمیت دیگر علاقوں میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور غیر قانونی کنکشن کے خلاف جو کامیاب آپریشن کیا گیا تھا اس سے پانی کی کون سے علاقوں میں بہتری آئی ہے اس کی بھی مکمل تفصیلات طلب کی ہیں ، سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں افسران سے کہا کہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد کسی بھی علاقے میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کنکشنز، سب سوائل یا کوئی اور غیر قانونی سرگرمی نظر آئی تو اسکا ذمہ دار متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر خود ہوگا۔ |
|