اسلام آباد( نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) سی ڈی اے نے میرا بیری(چونترہ) میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران سی ڈی اے اور اسلام پولیس پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا جس سے سی ڈی اے اور پولیس کےافسران و جوان زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران5حویلیاں گرائے جانے کے بعد شر پسند عناصر نے فائرنگ شروع کر دی جس سے مظاہرین میں سے شامل ایک شخص زخمی ہو گیا۔ آپریشن میں پولیس کے چار افسروں سمیت 9اہلکار زخمی ہوئے۔ پیر کو سنیاڑی، میرابیری اور چونترہ میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران مقامی افراد کی جانب سے پتھراؤ شروع کردیا گیا۔ پولیس آنسو گیس کی شیلنگ کے باوجود پتھراؤ اور فائرنگ کی زد میں آگئی۔ ڈی ایس پی شمس اظہر،ڈی ایس پی اے ار یونذر، ڈی ایس پی سجاد شاہ اور انسپکٹر طاہر خان نیازی کو بائیں بازو پر گولی لگی،جوابی کارروائی کے دوران متعدد علاقہ مکین بھی زخمی ہو ئے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے، فائرنگ اور پتھراؤسے پولیس کے 9افسران و جوان زخمی ہوئے جبکہ 9گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔ ایف آئی آر میں مزاحمت ، اقدام قتل ، کار سرکار میں مداخلت اور بلوہ کی دفعات بھی شامل ہیں۔ |
|