ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی ٹمبر مارکیٹ مسائل سے چھٹکارا حاصل نہ کر سکی ، ٹمبر مارکیٹ میں روڈ نیٹ ورک ٹوٹ پھوٹ سے دوچار ہے ، سیوریج لائنیں تبدیل کرنے کے باوجود سیوریج مسائل بدستور برقرار ہیں جبکہ واٹر سپلائی لائن کی بندش سے شہری پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں - ٹمبر مارکیٹ کا اکلوتا واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی غیر فعال ہے ، تاجروں نے مسائل حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اپیل کر دی - تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی ٹمبر مارکیٹ کے مسائل حل نہ ہو سکے ، کروڑوں روپے کی لاگت سے سیوریج لائنیں تبدیل کرنے کے باوجود علاقے سے سیوریج کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا - سڑک کی عدم تعمیر اور سیوریج لائن کی تبدیلی میں تکنیکی خامیوں کے باعث سیوریج لائنوں کی بندش کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں ، سیوریج کا ناقص کام کروڑوں روپے کے فنڈز ضائع کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ |
|