اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سو سے زائد گاڑیوں کے شورومز سیل کرنے کے سی ڈی اے کے اقدام کیخلاف درخواست پر چیئرمین سی ڈی اے کو ایک ماہ میں مستقل اور موثر حل تجویز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ لندن ، دہلی ، ملائیشیا اور سنگاپور کے ماڈلز دیکھ لیں اورسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کر کے مستقل حل تجویز کریں۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی ٹریفک پولیس کو بھی کیس میں فریق بنانے کا حکم دیا۔ پیر کو سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کاشف ملک عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ یا گاڑیاں بند کی جا سکتی ہیں ، کاروبار مکمل طور پر بند کرنا درست نہیں ہے ۔ فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔
|
|