راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)نو مئی کے ہنگاموں میں جلائے جانیوالے میٹرو بس اسٹیشن سکستھ روڈ کی بحالی کاکام آر ڈی اے کو دیدیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر سول و ٹیکنیکل ورک کیلئے87ملین روپے آر ڈی اے کو دئیے جائینگے ۔ اسٹیشن کا جائزہ لینے کیلئے اگلے چند روز میں نیسپاک اور آرڈی اے کے انجینئرز سائٹ وزٹ کرینگے۔ تین ماہ19دن ہوگئے ہیں۔میٹرو سکستھ روڈ اسٹیشن عوام کیلئے بند ہے۔زرائع کے مطابق نو مئی کے ہنگاموں کے بعد میٹرو اسٹیشن سکستھ روڈ اور دیگر کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ 146ملین روپے لگایا گیا تھا۔جس میں107ملین روپے صرف سکستھ روڈ اسٹیشن کیلئے تھے۔اسٹیشن کی بحالی کیلئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی(پی ایم اے)نے اسٹیشن بحالی کا کام آر ڈی اے کو دینے کی پیش کش کی۔جسے آری ڈی اے کے ڈی جی سیف انور جپہ نےمشروط طور پر قبول کرتے ہوئے فنڈز فراہمی کے ساتھ ساتھ کنسلٹنٹ ہائر کرکے ٹیکنیکل رائے لینے کا کہا تھا۔جس پر اب اتفاق ہوگیا ہے۔اور پی ایم اے نے باضابطہ طور پر آر ڈی اے کو کہہ دیا ہے۔جس کے بعد آر ڈی اے نے نیسپاک کو سائٹ وزٹ کیلئے کہا ہے۔نیسپاک ٹیم کے وزٹ کے بعد ٹھیکیدار کمپنی ہائر کی جائے گی۔اس حوالے سے ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ آئندہ دنوں میں نیسپاک اور آر ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم اسٹیشن کا دورہ کرکے تخمینہ و ٹیکنیکل رائے دےگی۔جس کے بعد ٹھیکیدار کمپنی ہائر کرکے کام شروع کردیا جائے گا۔ |
|