راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) 2017 سے قبل راولپنڈی پولیس کے شہید ہونے والے5 ملازمین کے ورثاء کو پلاٹ دئیے جائیں گے ۔ 2017میں اس وقت کی میاں شہباز شریف کی صوبائی حکومت کی جانب پنجاب پولیس کے شہداءکے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیاگیاتھا ۔یہ مراعات پیکج کی منظوری کے بعد شہید ہونے والے ملازمین کے ورثاء کو فراہم کی جارہی ہیں لیکن 2017سے قبل شہید ہونے والے پولیس ملازمین کے ورثاء یہ مراعات حاصل نہیں کررہے تھے جس پر موجودہ آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 2017 سے قبل شہید ہونے والے ملازمین کی فیملیوں کو پلاٹ دینے کاسلسلہ شروع کیاہے۔ آئی جی نے کہاہے کہ بعض نیک افراد کے تعاون سے 2017ء سے قبل کے 100 سے زیادہ شہدا کی فیملیوںکیلئے پلاٹس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اب اس حوالے سے راولپنڈی کے 5شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹ دینے کافیصلہ کیاگیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے پنجاب پولیس انڈوومنٹ فنڈ سے شہداء کے ورثا کو ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی ۔ |
|