ملتان(سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے شہر کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے تجاوزات کیخلاف گرینڈآپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا ،اس سلسلے میں گزشتہ روز گلگشت،برانڈروڈ اور گول باغ میں تجاوزات آپریشن کیا گیا اور پختہ تعمیرات، کھوکھے، تھڑے اور شیڈز مسمار کرکے بھاری سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن،ایم ڈی اے اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی بھاری مشینری و عملے نے آپریشن میں حصہ لیا ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر عابد شبیر نے تجاوزات آپریشن کی قیادت کی۔آپریشن کے دوران مرکزی شاہراہوں اور گردیزی مارکیٹ کو مکمل کلیئر کردیا گیا۔دریں اثناڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر اور ٹریفک مسائل کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا ۔ |
|