7 E سیکشن رئیل اسٹیٹ اور حکومتی ریونیو کو مکمل
22-8-2023
اسلام آباد(نا مہ نگار)جنرل سیکرٹری اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن چوہدری زاہد رفیق نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسز کی بھرمار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیون ای سیکشن رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور حکومتی ریونیو کو مکمل تباہ کردے گا معاشی بحالی کیلئے حکومت رئیل اسٹیٹ شعبے پر عائد ٹیکسوں پر نظرثانی کرے. انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں تعمیراتی صنعت کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ ستر سے زائد متعلقہ صنعتوں کی ترقی اس سے منسلک ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران حکومت موجودہ معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے جس سے معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعمیراتی صنعت کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے تاکہ بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کاروباری برادری کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں بنانے کی کوشش کرے جس سے کاروبار بہتر ترقی کرے گا اور معیشت مضبوط ہو گی۔