لاہور(خبرنگار)وزیراعلی پنجاب کے دورے کے بعد کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ون ونڈوسیل سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ کیپٹن ر شاہمیر اقبال اور ایڈیشنل ڈی جی یو پی نے بریفنگ دی۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق سئنیر سیٹیزن کو گھر کی دہلیز پر بالکل مفت سروسز فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 75 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو آج سے ہی دستاویزات گھر پر ڈیلیور ہونگے۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے سینئر سیٹیزن کے لیے "ایل ڈی اے ایٹ ڈور سٹیپ" کو آج سے ہی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے متعلقہ کیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔اوورسیز پاکستانیوں کی درخواستیں وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق اب 14 کی بجائے 10 دن میں پراسیس ہو نگی۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے میں انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسٹمر ریلیشنز، آئی ٹی، ٹاؤن پلاننگ، میٹرو پولیٹن پلاننگ ،انجینئرنگ ، مارکیٹنگ و پبلک ریلیشنز سے متعلقہ شعبوں کے طلباء و طالبات انٹرن شپ کریں گے۔ اس موقع پر کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ ون ونڈو سیل کارکردگی میں بہتری لانے اور شہریوں کو بہتر سروسز فراہم کرنے کے لیے روبو کالز کا بھی جلد آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا فیڈ بیک ہی افسران کی کارکردگی کو جانچنے کا واحد پیمانہ ہو گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ کیپٹن ر شاہمیر اقبال ، ایڈیشنل ڈی جی سید منور بخاری ، ڈائریکٹر آپریشنز ون ونڈو اور متعلقہ افسران کی شرکت کی۔ |
|