جشن آزادی پرجوش و خروش،رنگا رنگ تقریبات،
15-8-2023
اسلام آباد‘ راولپنڈی (نیوز رپورٹر‘ وقائع نگار‘ خصوصی نامہ نگار‘ خصوصی نمائندہ‘ سٹاف رپورٹر‘ اپنے رپورٹر سے‘ نمائندہ جنگ‘ خبر نگار خصوصی) یوم آزادی تقریبات کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سالمیت، وطن عزیز کے استحکام و خوشحالی اور قومی یکجہتی کیلئے خصوصی دعائوں سے کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21‘ 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ سرکاری، نیم سرکاری اور نجی سطح پر رنگا رنگ تقریبات ہوئی۔ جبکہ سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں کو چراغاں اور قومی پرچموں کے علاوہ رنگ برنگی جھنڈیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ جشن آزادی اور پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی گئیں۔ تعلیمی اداروں میں رنگا رنگ تقریبات میں طلباء و طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔ یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کمشنر آفس میں ہوئی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کمشنر آفس راولپنڈی کے احاطے میں قومی ترانہ کی گونج میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں آر پی او سید خرم علی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، سی پی او خالد ہمدانی اور دیگر نے شرکت کی۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جبکہ ہائی کورٹ بار راولپنڈی میں جشن آذادی کیک کاٹا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی تقریب میں جسٹس (ر) عبدالرحمان لودھی، جسٹس (ر) علی نواز چوہان، جسٹس (ر) سجاد حسین شاہ، جسٹس (ر) ملک خالد محمود، جسٹس(ر) چوہدری طارق محمود، صدر پاکستان بار کونسل، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن تنویر اقبال خان، جنرل سیکرٹری راجہ شوکت ستی اور دیگر نے شرکت کی۔ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ بار کے صدر فیصل نیازی اور سیکرٹری محمد علی نے سینئر وکلاء اور بار اراکین کے ہمراہ قائداعظم ہال پر قومی پرچم لہرایا۔ میونسپل کارپوریشن کمپلیکس راولپنڈی میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ آر ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو افسر رانا ساجد صفدر نے پرچم کشائی کی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لیاقت باغ میں میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، ضلعی انتظامیہ و پولیس افسران نے تقریب میں شرکت کی۔ ثقافتی رقص اور موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ ضلعی امن کمیٹی کے زیر اہتمام شہدائے پاکستان کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب مرکزی جامع مسجد حنفیہ جامع مسجد روڈ راولپنڈی میں نماز فجر کے بعد ہوئی۔ مولانا حافظ محمد اقبال رضوی کوارڈنیٹر امن کمیٹی و خطیب مرکزی جامع مسجد حنفیہ، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ بھی شریک ہوئے۔ محکمہ زراعت ڈویژن راولپنڈی کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب ہوئی۔ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری، زرعی انجینئر فیلڈ ونگ محکمہ زراعت راولپنڈی ڈویژن اعجاز احمد رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی سعدیہ بانو، ڈپٹی ڈائریکٹر عتیق الرحمان، پرنسپل سائنٹسٹ سوائل اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیباٹری عبدالوحید، ڈپٹی ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل شہزاد اختر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک نعیم اختر، ڈاکٹرمحمد ضمیر کیانی، ہارون احمد اور ملک محمد ناصر سمیت دیگر موجود تھے۔ شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے۔ آر ڈی اے کی تقریب میں آر ڈی اے اورواسا افسران و سٹاف نے بھی شر کت کی جبکہ آرڈی اے کمپلیکس و مری روڈ پرمرکزی دیوار اور چاندنی چوک سے فیض آباد راولپنڈی تک اور ایئرپورٹ روڈ پر دونوں طرف مارکیٹیں، پلازوں و دکانوں پر زیادہ سے زیادہ سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، پینٹنگ اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے محمد سیف انور جپہ نے مری روڈ پر آرڈی اے کی طرف بنائے گئے کیمپ آفس دورہ کیا۔ انٹر میڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈراولپنڈی کے زیر اہتمام تقریب بورڈ کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس میں چیئر مین بورڈمحمد عدنان خان، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی، سیکریٹری بورڈ پروفیسر آصف حسین اوربورڈ افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بورڈنے کہاکہ اس عہدساز دن کو مناتے ہوئے ہمیں فخر ہے کہ اس طرح کے نامساعد حالات سے نبردآزما ہوتے ہوئے ملکی خود مختاری اور جغرافیائی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کیلئے اسلاف نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ میونسپل لیبر یونین کے زیر اہتمام تقریب میں میونسپل لیبر یونین (سی بی اے) کے صدر راجہ ہارون رشید،جنرل سیکرٹری شاہد رضا پادری نے میونسپل کمپلیکس پرپرچم کشائی کی۔ ریسکیو1122 راولپنڈی نے بھی یوم آزادی کے موقع پر تمام ریسکیو سٹیشنوں پر پرچم کُشائی اور سلامی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ مرکزی ریسکیو سٹیشن پر بھی پرچم کشائی، سلامی اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ، ایمرجنسی افسر (آپریشن) انجینئر حمزہ علی خان اور دیگر نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو افسررانا ساجد صفدرنے مختلف شعبوں کے سربراہان اور دیگر سٹاف کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ ضلعی انتظامیہ اورپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے) کی جانب سے لیاقت باغ میں میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا۔ یوم آزادی کی رات مرکزی انجمن تاجران پنجاب اور انجمن شہریان راولپنڈی کی جانب سے فوارہ چوک راجہ بازار میں رات بارہ بج کر ایک منٹ پر ڈیجیٹل آتش بازی کا سب سے بڑا مظاہرہ کیا گیا،اس موقع پرسید عاطف علی شاہ،طاہر تاج بھٹی، چوہدری اقبال، ارشد اعوان،غلام قادر میر و دیگرشریک تھے۔ آل پاکستان چائینز اوورسیز یوتھ فیڈریشن کی صدر عاصمہ بٹ نے کہاکہ پاکستان کو معاشی و اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کیلئے ہمیں اپنے مخلص دوست چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد سفیر (ر) سہیل محمود نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے ساتھ وابستگی ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے، پاکستان پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے 76ویں جشن آزادی پر تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی بھی کی گئی اور کیک کاٹے گئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے پیر مہرعلی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سیمینار میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم، رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز، انتظامی افسران، دیگر ملازمین شریک تھے۔ جماعت اہل حرم پاکستان کےسربراہ مفتی گلزاراحمد نعیمی نے پاکستان سلامت تا قیامت وطن سیمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے اہل سنت کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھا رٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر آرڈی اے میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ اس موقعپر آرڈی اے عمارات و مری روڈ پرمین دیوار اور چاندنی چوک سے فیض آباد راولپنڈی تک اور ایئرپورٹ روڈ پر دونوں طرف مارکیٹیں، پلازے و دکانوں پر زیادہ سے زیادہ سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، پینٹنگ اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے زیراہتمام ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹرمیں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی۔ سکیورٹی گارڈز کی جانب سے سلامی بھی دی گئی۔ تقریب سے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے خطاب کیا۔ کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب بھی ہوئی۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں بھی جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا ۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پرچم کشائی تقریب ہوئی۔ صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی اور سیکٹر کمانڈر پنجند رینجرز، اسلام آباد، بریگیڈیئر شہریار فاروق لودھی نے پاکستانی پرچم لہرایا۔ بریگیڈیئر شہریار فاروق کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر ھذال حمود نے انہیں یونیورسٹی کے وژن اور سٹرٹیجک پلان سے آگاہ کیا۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کی تقریب میں بورڈ کے چیئرمین محمد عدنان خان‘ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی، سیکرٹری بورڈ پروفیسر آصف حسین اوربورڈ افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ چیئر مین بورڈ نے پرچم کشائی کی، قومی ترانہ پڑھا گیا۔ چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں شایان شان طریقے سے مناتی ہیں ہمیں اپنا جشن آزادی یوم تشکر کے طور پر منانا چاہئے آزادی کا کوئی نعم البدل نہیں، آزادی بڑی قربانیوں کی مرہون منت ہوتی ہے۔ چیئر مین بورڈ کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری بورڈ نے پودا لگایا افسران اور ملازمین میں جشن آزادی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ پاکستان پوسٹ میں جشن آزادی کی تقریبات ملک بھر کی طرح شمالی پنجاب سرکل کے تمام جی پی اوز بشمول جڑواں شہروں جوش و جذبے سے منائی گئیں۔ پرچم کشائی کی 50سے زائد مقامات پر تقریبات ہوئیں۔ راولپنڈی جی پی او میں پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکتر جنرل احسان اللہ مہمان خصوصی تھے۔ چیف پوسٹماسٹر عائشہ کومل دیگر افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا اور کیک کاٹا گیا۔ مری جی پی او میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمد نواز کھوکھر نے پرچم کشائی کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کنزا مرتضی نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جھنڈا چیچی راولپنڈی میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی ، ترقی اوراستحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں ۔ ریسکیو1122 راولپنڈی کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سٹیشن میں پرچم کشائی اور سلامی کی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی صبغت اللہ، ایمرجنسی آفیسر (آپریشن) انجینئر حمزہ علی خان اور دیگر شریک تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے تقریب سے خطاب کیا۔ میڈیا کوآرڈنیٹر محمد عثمان گجر نے کہا کہ عوام کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ جامعہ سلفیہ اسلام آباد کے زیر اہتمام تقریب میں رئیس الجامعہ حافظ شیخ محمد شفیق ،شیخ الحدیث جامعہ سلفیہ اسلام آباد مولانا ابراہیم خلیل الفضلی ،مولانا سلیم اللہ عبدالباقی ،پرنسپل جامعہ سلفیہ اسلام آباد ڈاکٹر حفیظ الرحمان سندھی سمیت دیگر اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔ مقررین نے کہاکہ تحریک آزادی ہند میں علمائے اہلحدیث کا کردار ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھا جائیگا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام زیرو پوائنٹ تا جناح ایونیو تک جشن آزادی پرچم ریلی نکالی گئی، جس میں مردو خواتین نے جناح ایونیو پر پندرہ سو فٹ لمبا اور پندرہ فٹ چوڑا طویل ترین قومی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ جناح ایونیو پر ایک سو پاؤنڈ کا کیک کاٹ کر پرچم کی تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ شدید بارش کے باوجود شہریوں کا جو ش وخروش دیدنی تھا۔ نائب صدرپاکستان مرکزی مسلم لیگ عظمیٰ گل، ضلعی صدر چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ، انعام الرحمان، مسلم ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر شہلا شفیق،ضلعی نائب صدر یاسر عرفات بٹ، تاجررہنما یوسف راجپوت،رانا زاہد مقبول،محمد شوکت سلفی،میڈیا کوآرڈنیٹر نوید احمدودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں،اسلام آباد کے ہزاروں مرد وخواتین نے پندرہ سو فٹ لمبا قومی پرچم اٹھا کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستانی زندہ قوم ہیں۔ اس موقعپر اسلام آباد پاکستان زندہ باد،پاکستان کا مطلب کی لاالہ الا اللہ کے نعروں سے گونجتا رہا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بھی وطن عزیز کا 76واں یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ یونیورسٹی سکیورٹی گارڈز نے وائس چانسلر کو گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے قومی ترانے کی دھن میں پرچم کشائی کی۔ سبز اور سفید کپڑوں میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے‘ تقاریر اور ٹیبلو پیش کیا۔ اس موقع پر ترکیہ اور روس کے مہمانوں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرناصر محمود نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی تعمیرو ترقی کیلئے اپنی پوری توجہ تعلیم و تربیت پر دیں۔ عظیم اقوام کبھی بھی اپنے آبائو اجداد کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتیں۔ اس موقع پر ترکیہ کے فنکاروں نے موسیقی کے ذریعے ترکیہ کی محبت کا پیغام پہنچایا۔ تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر، ڈاکٹر ثمینہ امان، ڈاکٹر زاہد مجید، ڈاکٹر خلیل طوقار، اناستا سیاٹی نیخینا اور ایلگذینڈر میخائیلو نے بھی خطاب کیا۔