ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے دوسرے روزبھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اس موقع پر شہر کے مرکزی علاقوں میں پختہ تعمیرات ،تھڑے اور شیڈز مسمار کردیئے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق کی سربراہی میں پولیس و ضلعی محکموں کی ٹیمیں آپریشن میں شریک ہوئیں۔ آپریشن کے دوران کچہری روڈ، نشترروڈ،ابدالی روڈ،ایم ڈی اے چوک اور تحصیل چوک پر تجاوزات کا صفایا کیا گیا جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے قبضہ مافیا کی تعمیرات مسمار کرکے شاہرا ہوں کو بھی کلیئر کردیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے کہا کہ تاجر برادری اور سٹیک ہولڈرز تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تجاوزات مافیا کے خلاف آئندہ بھی کارروائیاں جاری رہیں گی اور قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہوگی۔ |
|