راولپنڈی( نیو زرپورٹر، خبر نگار خصوصی) چیئرمین انجمن شہریان رجسٹرڈ راولپنڈی زاہد بختاوری نے کہا ہے کہ رنگ روڈ کی تکمیل سے راولپنڈی کے عوام اور تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جارہا ہے ۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں انجمن شہریان راولپنڈی اور مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی ڈویژن کی نمائندگی کی۔ رنگ روڈ فیز ون منصوبے سمیت چار منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر درادری حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل تک کمشنر راولپنڈی کا یہاں سے تبادلہ نہ کیا جائے تاکہ منصوبہ بلا رکاوٹ اور جلد مکمل ہو۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیراور کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کی شبانہ روز انتھک محنت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ذاتی دلچسپی سے یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈوچھو ڈیم کی جلد تکمیل سے شہر میں پانی کا مسئلہ بھی ختم ہوجائے گا ۔ |
|