اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نور الامین مینگل کی ہدایت پر اسلام آباد میں غیر قانونی کار شو رومز کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ۔اس دوران مختلف سیکٹرز اور مراکز میں بنائے گئے غیر قانونی شو رومز کو سیل کردیا گیا۔ آپریشن کے پہلے روز F-10 اور F-11 مرکز سمیت بلیو ایریا میں 28 غیر قانونی شو رومز کو سیل کیا گیا۔ غیر قانونی شو رومز نہ صرف پبلک پارکنگ ایریاز پر قابض تھے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مسائل کا سامنا تھا. چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل کی ہدایت پر بزریعہ اشتہارات پراپرٹیز مالکان کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی پراپرٹیز کا غیر قانونی استعمال نہ کریں۔الاٹ کردہ مقصد سے ہٹ کر غیر قانونی استعمال ہونے والی تمام عمارات اور پراپرٹیز کو سربمہر کیا جائے گا۔ واضح رہے اب تک 117 پراپرٹیز کی لیز منسوخ کی جاچکی ہے جہاں خلاف ضابطہ شو رومز قائم تھے ۔ |
|