ملتان (سٹاف رپورٹر) لو انکم ہاؤسنگ سکیم نیوملتان کے مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ محفوظ خان شجاعت کی زیر قیادت کیا گیا، مدنی چوک نیو ملتان پر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محفوظ خان شجاعت،الیاس خالدی،ڈاکٹر اشفاق احمد،منظور حسین،ماجد عربی،اکرم عباسی، شیخ جمشید علی،سید سخاوت حسینن اور دیگر مقررین نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ملتان کی طرف سے 1974 میں قائم کی گئی لو انکم ھاؤسنگ سکیم کے مکینوں کو مرحومین کی تدفین کے لئے قبرستان ہسپتال اور کمیونٹی سنٹر کی سہولت سے گزشتہ 39 سال سے محروم رکھا جارہا ہے،اپنے مطالبات کے حق میں لو انکم ہاؤسنگ سکیم نیو ملتان کے مکین گزشتہ ایک ماہ سےسراپا احتجاج ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ ،محکمہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلانگ ،محکمہ صحت ،،محکمہ سوشل ویلفیئر،واسا اور محکمہ بلدیات اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔مقررین نے گورنر پنجاب ،وزیر اعلی پنجاب اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کے لئے وسیع قطعہ اراضی مختص کی جائے،مختص جگہ ہسپتال، ڈسپینسری اور کمیونٹی سینٹر تعمیر کیے جائیں،تین گھنٹے صبح شام اور دو گھنٹے دوپہر کو صاف پانی کی فراہمی کو بحال کیا جائے۔واسا کے بلوں میں کمی کی جائے۔ |
|