غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں ک
25-7-2023
راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی کو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اوراسلحہ سے پاک کرنے کے حوالے سے اعلی عسکری حکام کی ہدایات کے بعد غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں کی خریدو فروخت روکنے کیلئے لسٹیں رجسٹرارز کو بھجو ادی گئیں۔اعلی عسکری حکام نے سول انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے پلاٹس کی خریدو فروخت کو بند کرنے کیلئے صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے۔ آر ڈی اے سے منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں کی ٹرانسفر و ملکیت کے امور کو یقینی بنائیں ساتھ ہی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی فائلز کے اجرا ءو منتقلی پر بھی نظر رکھیں جس کے بعد آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی لسٹیں رجسٹرارز کو فراہم کردی ہیں تاکہ ان میں پلاٹوں کا لین دین بند ہو۔ذرائع کے مطابق رجسٹرار سٹی و رورل ملک اعجاز کو111غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی لسٹ بھیجی گئی ہےجو سٹی سرکل میں آ رہی ہیں۔ عسکری حکام نےسول انتظامیہ کو انٹیلی جنس سپورٹ سے ایسی غیر قانونی سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کا بھی کہا تھا جو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ڈیلی ویجز پر گارڈز یا افغانیوں کو ملازمت دلا رہی ہیں۔ این او سی کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں کام کرنے والی سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جوائنٹ آپریشن کرنے کا بھی کہا گیا جس پرابھی تک کوئی کارروائی سامنے نہیں آسکی۔غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا،بل بورڈزکے زریعے عوام میں آگاہی کیلئے بھی ہدایت کی گئی تھی۔جس پر ابھی عملدرآمد نہیں ہوا۔