حکومت کااسلام آباد ایئرپورٹ کا نظام بھی ٹھ
22-7-2023
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ساتھ مشاورت کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کا انتظام بولی کے ذریعے ٹھیکے پر دینے کا عندیہ دے دیا۔ عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق حکومت زرمبادلہ میں اضافے کے لیے پاکستان کے تین بڑے ایئرپورٹس کا انتظام ٹھیکے پر دینے جا رہی ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام کا آغاز اسلام آباد ایئرپورٹ سے کیا جا رہا ہے۔ وزارت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے آپریشنز آﺅٹ سورس کرنے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے تاکہ ایئرپورٹ کی سروس کو بہتر بنا کر اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ پاکستانی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس کے ٹرمینل مشترکہ طور پر چلانے کے لیے پاکستان کی قطر کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ سال دورہ قطر کے دوران قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔