غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاون شروع
20-7-2023
لاہور(خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر) غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ سمن آباد زون، واہگہ زون اور داتا گنج بخش زون میں نقشے کی منظوری کے بغیر تعمیراتی کام کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے آپریشن کے دوران منظور شدہ نقشے سے زائد تعمیرات مسمار کر دی گئیں ہیں ۔ ملتان روڈ سے ملحقہ سڑک پر اضافی تعمیرات کی مسماری کے بعد سیل کر دی گئی ہے ۔ جی ٹی روڈ پر پٹرول پمپ کے نزدیک انڈسٹریل بلڈنگ کے ساتھ اضافی دیواریں گرا دی گئیں ہیں۔ غوث گارڈن کے نزدیک کمرشل ایریا میں بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر مزید تعمیر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے پی ٹی سی ایل ایکسچینج جلو موڑ کے نزدیک کمرشل ہال اور مین سائفن روڈ پر واقع دکانوں کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات پر مالکان کے خلاف کاروائی کاآغاز ہو چکا ہے ۔واہگہ زون میں نشاندہی کردہ غیر قانونی تعمیرات پر نوٹسز کے اجراء کے بعد قانونی کاروائی کاآغاز کر دیا گیاہے۔داتاگنج بخش زون میں چار مقامات پر اضافی تعمیرات کے خلاف قانونی کاروائی کاآغاز کر دیاگیا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات عامر میر کے احکامات پرکریک ڈاؤن کیاجارہاہے ۔